مختار الصِّحاح عربی اُردو
مختار الصًحاح عربی۔ اُردو الفاظِ حدیث کے مُستند معانی کی مشہور لغت پیش نظر کتاب امام محمد بن ابی بکر بن عبد القادر رازیؒ کی تالیف‘‘مختار الصحاح’’ کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ تالیف بذاتِ خود امام ابو نصر اسماعیل بن حمّاد الجوہریؒ کی مشہور ومعروف ضخیم عربی لغت تاج اللغۃ و صحاح العربیۃ کا اختصار ہے۔یہ ضخیم لغت چالیس ہزار کلمات پر مشتمل ہے۔اس ضخیم اور مستند لغت کی افادیت واہمیت کے پیش نظر امام رازیؒ نے اس سے ایسے کلمات چُن کر ان کی شرح اور تفسیر بیان کی ہے جن کی ان کے اپنے الفاظ میں ہر عالم فقیہ حافظ قرآن محدّث اور ادیب کو اشدّ ضرورت ہے کیونکہ اس میں جابجا قرآن حدیث اور فقہی اصطلاحات کو ان کے سیاق وسباق کے حوالے سے بیان کیا گیا ہے نیز ترجمہ وتفسیر کی صحت پر دور جاہلیت کے مستند ومعروف شعراء کے اشعار ضرب الامثال اور مروّج محاورے بطور سند درج کئے گئے ہیں۔امام رازیؒ نے الصحاح کی تفسیر کے ساتھ ساتھ اپنی طرف سے بڑے مفید اضافے بھی کئے ہیں۔ کہیں تو کلمات کی مزید وضاحت ہے اورکہیں مؤلف کے موقف کی تائید ہے اور جہاں مناسب سمجھا ہے مؤلف کے موقف سے اختلاف بھی کیا ہے اور ساتھ ہی اپنا اختلافی موقف بھی بیان کیا ہے۔